کرونا وائرس سے 213 ہلاکتیں، عالمی ایمرجنسی نافذ

چین میں کرونا وائرس سے مزید 42 افراد کی ہلاکت کے بعد چند روز کے دوران اس وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 213 تک پہنچ گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے بعد عالمی ہنگامی صورت حال نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکہ نے اپنے شہریوں کو چین کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں شہریوں کو خبر دار کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے چین میں اموات کے بعد وہاں کا سفر نہ کیا جائے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں کو عراق اور افغانستان کا سفر کرنے سے بھی گریز کا کہا ہے۔

برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے بعد ​پاکستان نے بھی چین جانے والی پروازیں معطل کر دی ہیں۔

پاکستان کے ہوا باذی کے شعبے سول ایوی ایشن کے ایڈیشنل سیکرٹری عبدالستار کھوکھر کے مطابق چین جانے ولی پروازوں کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے اور پابندی کا اطلاق دو فروری تک رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ دو فروری کے بعد صورتِ حال کا جائزہ لینے کے بعد چین جانے والی پروازوں سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

امریکہ کی الائیڈ پائلٹ ایسوسی ایشن نے ٹیکساس کی مقامی عدالت میں درخواست دائر کی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر چین جانے والی پروازوں پر پابندی عائد کی جائے۔

کرونا وائرس سے اب تک صرف چین میں ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ تاہم یہ وائرس 20 ملکوں تک پھیل چکا ہے۔

ذرائع

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *