پاکستانی اور ایرانی صدور کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار

صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی نے ملاقات کی ہے، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر اظہار اطمینان کیا، دوطرفہ تعاون مزید وسیع کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ 

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کےلیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ غزہ کے عوام پر اسرائیلی ظلم و جبر کے خاتمے اور یہاں انسانی امداد میں اضافے کےلیے بین الاقوامی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا کہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کو خوش آمدید کہنا اعزاز کی بات ہے۔

پاک ایران 8 معاہدوں، مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

پاکستانی اور ایرانی صدر کی ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ صدر آصف علی زرداری اور ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی ملاقات ایوانِ صدر اسلام آباد میں ہوئی۔

اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تعاون مزید وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے مشترکہ مفاد کے مختلف شعبوں میں مزید باہمی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

دوطرفہ تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کےلیے تجارتی میکنزم فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں ممالک نے خطے کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کےلیے مل کرکام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور عالمی امور بالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان سے باہمی تجارت کا حجم 10 ارب ڈالرز تک لے جائیں گے: ایرانی صدر

صدر آصف زرداری نے غزہ میں بگڑتی انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے غزہ کے عوام کے خلاف اسرائیل کی فوجی جارحیت کی شدید مذمت کی۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینی کاز کی مستقل اور واضح حمایت جاری رکھے گا۔

اعلامیہ کے مطابق دونوں صدور نے غزہ کے عوام پر اسرائیلی جبر کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ میں انسانی امداد میں اضافے کےلیے بین الاقوامی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وفاقی کابینہ کی ایران کیساتھ مختلف ایم او یوز پر دستخط کی منظوری

صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان ایران تعلقات کو دونوں برادر ممالک کے باہمی مفاد میں مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے عام انتخابات کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے سربراہ مملکت ہونے پر ابراہیم رئیسی سے اظہار تشکر کیا۔

صدر مملکت نے اصولی مؤقف اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی مسلسل حمایت پر ایران کو سراہا۔

ایرانی صدر نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم پاکستان اور ایرانی صدر کی ملاقات

اس سے قبل وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس کے دوران دونوں رہنماؤں کے مابین نیک خواہشات کا تبادلہ ہوا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے ایران پاکستان دو طرفہ تعلقات کے فروغ ، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے مابین نیک خواہشات کا تبادلہ

ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تجارت اور مواصلاتی روابط بڑھانے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی تین روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچے۔ ایرانی صدر کے ساتھ خاتون اول، وزیر خارجہ، کابینہ کے دیگر ارکان اور اعلیٰ حکام کے ساتھ ساتھ ایک بڑا تجارتی وفد بھی موجود ہے۔

ابراہیم رئیسی لاہور اور کراچی بھی جائیں گے جہاں وہ پنجاب اور سندھ کے وزراء اعلیٰ اور دونوں صوبوں کے گورنرز سے بھی ملاقات کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *