پانچواں اور آخری ٹی 20؛ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

 راولپنڈی: پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہراکر سیریز دو، دو سے برابر کردی، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا ایک میچ بارش کی نظر ہوگیا تھا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پانچویں اور آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔بلیک کیپس نے ہدف کے تعاقب میں اپنی اننگز شروع کی تو پاکستانی بولرز حاوی رہے اور 26 رنز کے مجموعی اسکور پر 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا مگر مارک چیمپمن اور جیمز نیشم نے پاکستان کی سیریز جیتنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

مارک نیشم 57 گیندوں پر 104 اور جیمز نیشم 25 گیندوں پر 45 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے اور اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

عماد وسیم نے 4 اوورز میں 21 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین آفریدی نے 4 اوورز میں 48 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

محمد رضوان نے 62 گیندوں پر 98 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے، بابراعظم 19، افتخار احمد 36، عماد وسیم 31 رنز بناسکے،  بلیئر ٹکنر نے 3 جبکہ اش سوڈھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے پہلے دو میچز میں نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی جبکہ تیسرے میچ میں کیویز نے کم بیک کرتے ہوئے گرین شرٹس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے ہرادیا تھا۔

نیوزی لینڈ اور پاکستان نے پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے ٹیم میں دو، دو تبدیلیاں کی تھیں، نیوزی لینڈ نے کول میک کونچی کی جگہ جیمز نیشم اور معمولی انجری کا شکار ہونیوالے میٹ ہنری کی جگہ بلیئر ٹکنر کو ٹیم میں شامل کیا جبکہ پاکستان نے فخر زمان اور زمان خان کی جگہ احسان اللہ اور محمد حارث کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا تھا۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد حارث، صائم ایوب، شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور احسان اللہ شامل تھے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ٹام لیتھم (کپتان اور وکٹ کیپر)، چاڈ بووز، ول ینگ، ڈیرل مچل، مارک چیپ مین، جیمز نیشم، راچن رویندرا، ایڈم ملنے، بلیئر ٹکنر، ایش سودھی اور ہنری شپلی شامل تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *