پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نائب صدر شیر افضل مروت نے انٹرا پارٹی الیکشن میں چیئرمین شپ کے امیدوار کا نام بتادیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں شیر افضل مروت نے کہا کہ بیرسٹر گوہر خان پی ٹی آئی کی چیئرمین شپ کے امیدوار ہوں گے۔
پی ٹی آئی نائب صدر نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں بیرسٹر گوہر خان میری طرف سے چیئرمین شپ کے امیدوار ہوں گے۔
اس سے قبل جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزاہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ عمران خان کی جگہ چیئرمین پی ٹی آئی کےدو ، تین ناموں میں سے ایک پر اتفاق ہوگیا ہے۔
دوسری طرف پی ٹی آئی ترجمان شعیب شاہین نے کہا تھا کہ نئے پارٹی چیئرمین کے نام پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
تحریک انصاف کے انٹراپارٹی الیکشن کے معاملے پر سینئر رہنماؤں کے متضاد بیانات سے نئے سوالات پیدا ہوگئے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ آج اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جگہ چیئرمین پی ٹی آئی کےدو ، تین ناموں میں سے ایک پر اتفاق ہوگیا ہے۔
پی ٹی آئی سینیٹر نے مزید کہا کہ ہفتے یا اتوار تک پی ٹی آئی میں انٹرا اپارٹی انتخابات ہوجائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سائفر کیس کی سماعت ایک بار پھر جیل میں کرنے کے آج کے فیصلے کو چیلنج کرے گی۔