سپریم کورٹ کے خلاف احتجاج کیلیے پوری قوم پیر کو اسلام آباد پہنچے، فضل الرحمان

اسلام آباد: جمیعت علما اسلام اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پوری قوم پیر کے روز سپریم کورٹ کے باہر پُرامن احتجاج میں شرکت کے لیے پہنچیں۔

اپنے ویڈیو پیغام میں سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ تین رکنی بینچ اور کورٹ کے ججوں نے ایک مجرم کو تحفظ دیا،ہم نے اپنے اداروں کا تحفظ کرنا ہے اور ججز کے بگاڑ کو سیدھا کرنا ہے۔ ججز پاکستان کے غریب عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہ لیتے ہیں اور وہ آج آئین، قانون اور عدالتی روایات کو پامال کر رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یکطرفہ طور پر ایک مجرم کو تحفظ اور اسے وی آئی پی پروٹوکول دیا جارہا ہے، مجرم کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے تاکہ وہ آئندہ بھی جرائم کرے اور معیشت کو تباہ کرے اور آئندہ بھی ملک کو اتنا کمزور کرے کہ ملک پارہ پارہ ہو جائے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ ہم پہلے بھی میدان میں رہے ہیں، آج ایک بار میدان میں آنے کی ضرورت پڑ رہی ہے، ہم عوام اور کارکنوں کو دعوت دے رہے ہیں کہ وہ پیر کی صبح شاہراہ دستور پہنچیںانہوں نے جے یو آئی کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کے سالار اور رضاکاروں کو بھی اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ نظم کو برقرار رکھنے کے لئے پہنچیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *