سپریم کورٹ اپنا 14 مئی کا فیصلہ واپس نہیں لے گی، چیف جسٹس

 ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کی درخواستوں پر سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ عدالت اپنا 14 مئی کا فیصلہ واپس نہیں لے گی کیونکہ عدالتی فیصلہ واپس لینا مذاق نہیں ہے۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ درخواستوں پر سماعت کر رہا ہے۔ تین رکنی بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سیاسی لیڈران آ رہے ہیں کسی کو تنگی نہ ہو مزید کرسیاں لگا دیں، مولا کریم لمبی حکمت دے تاکہ صحیح فیصلے کر سکیں۔ ہمیں نیک لوگوں میں شامل کر اور ہمارے جانے کے بعد اچھے الفاظ میں یاد رکھا جائے.چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سراج الحق کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آپ نے نیک کام شروع کیا اللہ اس میں برکت ڈالے اور عدالت اس نیک کام میں اپنا حصہ ڈالے گی۔پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیا آپ عدالت کی تجویز کی حمایت کرتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عدالت کے ہر لفظ کا احترام کرتے ہیں، ملک نے آئین کے مطابق ہی آگے بڑھنا ہے۔ ہمیشہ راستہ نکالنے اور آئین کے مطابق چلنے کی کوشش کی۔ قوم نے آپ کا فیصلہ قبول کیا ہے دیکھتے ہیں کہ حکومت کا کیا نقطہ نظر ہے، ہماری جماعت آئین کے تحفظ پر آپ کے ساتھ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *