بابراعظم کو بااختیار نہ بنایا گیا تو نتائج خراب ہوسکتے ہیں، عبدالرزاق

لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق نے بابراعظم کی جگہ نیا کپتان مقرر کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان کو فری ہینڈ دینے کی حمایت کردی۔

ماضی کے معروف آل راؤنڈر نے  ایک نجی ٹیلی ویژن کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم کو کپتانی سے ہٹانے کے حوالے سے کہا کہ ایسا کوئی بھی قدم اٹھانا ٹیم کے مفاد میں نہیں ہوگا۔

ان کاکہنا تھا کہ بابراعظم کو اختیارات دیے جائیں اگر انہیں بااختیار نہ بنایا گیا تو نتائج خراب ہوسکتے ہیں۔

عبدالرزاق  نے کہا کہ جب آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کو تبدیلیاں کرنی چاہیئں تو پھر آپ  کرکٹ کی بہتری  کو مدنظر رکھتے ہیں۔ مگر جب آپ اپنی سوچ کو صرف بابراعظم کو کپتانی سے ہٹانے اور ان کی جگہ نیا کپتان لانے تک محدود کردیں تو  پھر بہتری کیسے ممکن ہے؟

سابق کرکٹر نے کہا کہ آپ کو انہیں ( بابراعظم کو)  فری ہینڈ دینا چاہیے، اور انہیں کپتانی سے ہٹانے سے  متعلق جو خبریں گردش کررہی ہیں انہیں ختم ہوجانا چاہیے۔

43 سالہ سابق کرکٹر نے کہا کہ اگر قومی ٹیم بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھانا چاہتی ہے تو  بابراعظم کی کپتانی سے  منسلک تمام تنازعات ختم  ہوجانے چاہیئں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *